نواز شریف کی نااہلی ختم کرانے کیلئے راستے نکالے جا رہے ہیں، عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی ختم کرانے کے لیے راستے نکالے جا رہے ہیں، ایک مجرم کی سزا ختم کر کے کیسے چوتھی بار وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے، اگر نواز شریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہئیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلی خیبرپختوانخوا کے معاون خصوصی بیرسٹر سیف نے بلدیاتی الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے سے متعلق اعدادوشمار سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ویلیج کونسل کے نتائج میں بہتری کی امید ہے، تحریک انصاف کے پی کے میں ووٹوں کے تناسب سے مقبول اور بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا کے پی الیکشن سے متعلق خوشیاں منانا حیران کن ہے، کے پی میں تحریک انصاف کو ووٹ زیادہ پڑا ہے لہذا اس کو اجاگر کیا جائے، تحریک انصاف کا ووٹر اور عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سزا ختم ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، نواز شریف آج تک منی ٹریل بھی نہیں دے سکے،یہ کیسے ممکن ہے کہ سزا یافتہ شخص کی سزا ختم ہو جائے، نواز شریف نے عوام کا پیسہ لوٹا اور باہر منتقل کیا، پانامہ میں نواز شریف کا نام آیا اور عدالت نے نااہل کیا، ایک مجرم کی سزا ختم کر کے کیسے چوتھی بار وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی ختم کرانے کے لیے راستے نکالے جا رہے ہیں، اگر نواز شریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہئیں، چھوٹے کیسز میں ملوث لوگ جیلوں میں اور بڑے چوروں کے لیے راستے نکالے جانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔