کوئٹہ(صباح نیوز) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی بلوچستان وحق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ عوام حق دوتحریک کے انقلابی جدوجہد میں ساتھ دیں ، گوادرمکران کو منشیات کے ناسور سے پاک کرکے نوجوانوں کو تباہی وبربادی سے بچائیں گے منشیات فروشوں نے ہمارے گھروں خاندان اور خاندانی نظام کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے منشیات فروش کسی رعائت کے مستحق نہیں حکومت عوام اور نیک نام لوگ ملکر ان لٹیروں انسانیت دشمنوں کو قلع قمع کریں گے حق دو تحریک کے ذریعے اب منشیات فروشوں کو ناکام ورسوااور ان کا انسانیت دشمن کاروبار بند کریں گے ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے اورماڑہ میں وفدوتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا
انہوں نے کہاکہ مہنگائی بے روزگاری اوربدعنوانی کیساتھ مکران ڈویژن سمیت بلوچستان کو منشیات نے تباہ کرکے رکھ دیا ہے دس لاکھ نوجوان منشیات کے لت میں مبتلا اپنے مستقبل کو تباہ کررہے ہیں حکومت ادارے کہاں ہیں ۔بدقسمتی سے حکمرانوں نے کوئی ایک وعدہ بھی ایسا نہیں جو حکمرانوں نے ان تین چار برسوںمیں پورا کیا ہو۔ عوام بد حال ہیں ، ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا وعدہ کرنے والے عوام کے لیے وبال جان بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر وں کا وعدہ کرنے والوں کے سارے وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ 22کروڑ عوام ان ظالم حکمرانوں کی اصلیت جان چکے ہیں۔ حکمران مسلسل عاقبت نااندیش فیصلوں کے ذریعے قوم کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت ، میرٹ کی بے حرمتی ، کرپشن، معاشی بدحالی اور اس پر مستزاد حکمرانوں کی بے حسی کسی طور پر قابل قبول نہیں ،سکیورٹی فورسزعوام کی حفاظت کیلئے عوام تضحیک کرکے حکمرانی نہ کریں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ رامیس خلیل کے لواحقین کے مطالبات تسلیم کیے جائیں۔ گوادرمکران کے مسائل کے حل کیلئے ہرقربانی دینے کیلئے تیار ہے ہم جمہوری اورمحب وطن ہیں ہماراپاکستان سے نہیں حکمرانوں اور مقتدرقوتوں سے جھگڑاہے ۔حکمران ہمیں ردعمل پر ابھار رہے ہیں۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ سی پیک سٹی گوادر کے حوالے سے حکومتی دعوے سرمایہ داروں کے تحفظ کیلئے ہیں گوادر مکران کے معصوم عوام کو پینے کا پانی ،بجلی اورماہی گیروں وعوام کو روزگار تک میسر نہیں ۔حکومت اعلانات ودعوئوں کے بجائے عملی کام کریں حکمرانوں کی ترجیحات عوام نہیں کچھ اور ہیں۔حکومت عام عوام کی فلاح وبہبوداورترقی کیلئے کام کریں جماعت اسلامی عوامی مسائل کو اجاگر اورحل کیلئے ہر فورم پرآوازبلند کر رہی ہے ۔