آزاد کشمیر کی 55سالہ خاتون پروین فاطمہ کی لاش مقبوضہ کشمیر سے آزاد کشمیر پہنچ گئی


چناری:آزاد کے ضلع جہلم ویلی کے پانڈو سیکٹر کی رہائشی 55سالہ خاتون پروین فاطمہ کی لاش مقبوضہ کشمیر سے آزاد کشمیر پہنچ گئی ہے ۔ بھارتی فوجی اہلکاروں   نے  پروین فاطمہ کو ایل او سی  کے قریب گولی مار کر شہید کر دیا تھا اور لاش ساتھ لے گئے تھے ۔

پروین فاطمہ  کی لاش چکوٹھی اوڑی امن برج پر آزاد کشمیر کے حکام کے حوالے  کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے پانڈو سیکٹر کے گاؤں بنی ہوتریڑی کی رہائشی 55سالہ خاتون پروین فاطمہ زوجہ سید منظور حسین شاہ مرحوم گزشتہ روز گھر سے سیز فائر لائن کے نزدیکی جنگل کے ایریا میں اپنے مال مویشی چرانے لے گئی تھی۔ اس دوران  پروین فاطمہ جنگلی سبزی( گچھیاں)چننے کے دوران غلطی سے لائن آف کنٹرول پر پہنچ گئی بھارتی فوج نے خاتون پر فائرنگ کرکے اسے شہید کر دیا  اور لاش  اپنے قبضہ میں لے لی۔ شام گئے خاتون کی گھر واپسی نہ ہونے کے بعد ورثاء نے تلاش شروع کرنے کے ساتھ تھانہ چناری میں خاتون کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کروائی

بعد ازاں مختلف زرائع سے معلوم ہوا کہ بھارتی فوج نے خاتون پر فائرنگ کرکے شہید کر دیا ہے جس کی نعش  بھارتی فوجیوں نے اپنے قبضہ میں لے لی ۔ بعد ازاں بھارتی مقبوضہ کشمیرکے حکام نے لائن آف کنٹرول کو ملانے والے چکوٹھی اوڑی امن برج پر خاتون کی  لاش آزاد کشمیر کے حکام کے حوالہ کردی۔بھارتی فوج کی جانب سے شہید کی جانے والی خاتون کی نماز جنازہ آبائی گاؤں میں ادا کرنے کے بعد سپرد خاک کردیا گیا ہے نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقعہ پر عوام نے بھارتی فوج کی جانب سے نہتی خاتون پر گولیاں برسانے کی شدید الفاظ میں مزمت کی ۔