خیبرپختونخوا کے بلدیاتی 17 اضلاع کے انتخابی عمل میں جماعت اسلامی کا ترازو نشان پر ووٹ بنک بڑھا ہے، لیاقت بلوچ


لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کوٹ مومن ماں میانہ میں سلیم رانجھا کے ساتھ ان کے والد اور جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما میاں محمد اکرم رانجھا مرحوم کی تعزیت کی، مرحوم کی خدمات کی تحسین کرتے دعائے مغفرت کی، مرحوم دینی ، سماجی ، ادبی اور عوامی دکھ درد کے لئے حساس شخصیت تھے۔

لیاقت بلوچ نے علما مشائخ کانفرنس کے شرکا سے کہا کہ پاکستان کے قیام کے مقاصد کو بگاڑا جا رہا ہے، اقتصادی تباہی کے راستے نظریاتی ، تہذیبی اور سلامتی کے امور کے لئے بڑے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔ علما اور مشائخ کو جوہری اور قائدانہ کردار ادا کرنا ہے۔ مسلکوں اور فرقوں میں تقسیم کی شدت سے عام الناس میں انتہا پسندی اورعدم برداشت بڑھ رہا ہے۔ اسلام محبت ، امن ، دِلوں کو جوڑنے، اصلاح انسانیت اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔ علما مشائخ پورے ملک میں پاکستان کے اسلامی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لئے آئین کے مکمل نفاذ، انسانی بنیادی حقوق کی حفاظت، احترام انسانیت اور سود قرضوں کرپشن سے نجات کے لئے اسلام کے معاشی نظام کے نفاذ کے لئے بھرپور جدوجہد کریں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ 29دسمبر 10 بجے صبح منصورہ میں جنوبی، شمالی ، وسطی پنجاب کے امرا، قیمین صوبہ سیاسی انتخابی کمیٹی کے صدور ، سیکرٹریز اور 2:30 بجے مرکزی مجلسِ قائمہ سیاسی انتخابی اور قومی امور کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی 17 اضلاع کے انتخابی عمل میں الحمد للہ جماعت اسلامی کا ترازو نشان پر ووٹ بنک بڑھا ہے، کارکنان نے بھرپور اعتماد سے کام لیا ہے۔

اِن شا اللہ دوسرے مرحلہ میں جماعت اسلامی اور زیادہ پیش رفت کرے گی۔ پنجاب بلدیاتی انتخابات کے لئے جماعت اسلامی نے تمام اضلاع میں بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ عوام سیاسی دھڑوں کے اندھے اور بندکنووں سے باہر آئیں۔ گلی ، محلوں بستیوں ،گاں ، گوٹھوں میں انسانی شہری حقوق کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، جماعت اسلامی عوامی خدمات ، قومی وسائل کی منصفانہ دیانت دارانہ استعمال کی شاندار اور بااعتماد تاریخ رکھتی ہے۔