امید ہے افغانستان میں بہت جلد امن قائم ہوگا، اسدقیصر


صوابی(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں، حکومت نے پسماندہ طبقے کی فلاح کیلئے متعدد اقدامات کیے رواں سال دسمبر تک پنجاب کے تمام شہریوں کو بھی صحت کارڈ فراہم کردئیے جائیں گے عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے ۔ سی پیک کی تکمیل سے سب سے زیادہ فائدہ خیبرپختونخوا کوہوگا۔

صوابی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہاکہ عمران خان نے پاکستان کو مدینے کی ریاست کی طرز پر چلانے کا عزم کیا ۔ لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں عمران خان نے عوام کوعلاج کی مفت سہولیات فراہم کیں صحت انصاف کارڈ دیا۔ عمران خان مزدور،تنخواہ دار دیہاڑی دار کا خیال کررہے ہیں۔ خیبرپختونخوا سے صحت انصاف کارڈ کا آغاز ہوا تھا۔ دسمبر سے پورے پنجاب میں بھی صحت انصاف کارڈ دیں گے ۔ ہمیں دہشت گردی کی جنگ میں تباہ حال صوبہ ملا۔ اللہ کا فضل ہے اب کے پی کے میں امن ہے وہاں سیاحت کو فروغ ملا ہے۔

مراد سعید نے کہاکہ عمران خان دنیا کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرتے ہیں۔ عمران خان نے ناموس رسالتۖ پر تمام عالمی فورمز پر بات کی ۔ عمران خان نے غریب طبقے کی بہتری کیلئے اقدامات کیے۔ گزشتہ دور میں حکمرانوں نے اپن جیبیں بھرنے کیلئے مہنگے توانائی معاہدے کیے۔ اپوزیشن کورونا وباء کے دوران ملک میںمکمل لاک ڈائون لگوانے کیلئے عمران خان پر دبائو ڈالتی رہیں۔ وزیراعظم نے غریب طبقے کے احساس میں ملک میں مکمل لاک ڈائون نہیں کیا۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں.

جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امید ہے افغانستان میں بہت جلد امن قائم ہوگا۔ سی پیک کی تکمیل سے سب سے زیادہ فائدہ خیبرپختونخوا کو ہوگا۔ خطے کا امن افغانستان سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔