خیبرپختو نخوا، بلدیاتی انتخابات میں شکست پر رپورٹ تیار ،ارکان اسمبلی کیخلاف کارروائی کا فیصلہ


پشاور(صباح نیوز)خیبرپختو نخوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست پر رپورٹ تیار کرلی گئی  جس کی بنیاد پر ارکان قومی اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ۔

نجی ٹی وی  کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کی وجوہات پر رپورٹ  تیار کرلی گئی جس میں انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کی شکست کی بنیادی وجہ مہنگائی کے علاوہ بڑے اندرونی اختلافات تھے، بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کو سپورٹ نہیں کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کرنے سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی قریبی صوبائی وزرا سے مشاورت جاری ہے۔   مخالف امیدواروں کو سپورٹ کرنے پر 2ارکان قومی اسمبلی اور 4 ارکان صوبائی اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ۔