پاکستان کی نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے،راجہ پرویزاشرف

اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے،پاکستان کو باصلاحیت نوجوانوں سے نوازا گیا ہے جو کھیلوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں کمال مہارت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں وفاقی وزیر برائے بین صوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری کی قیادت میں آئی ٹی ایف جونیئر کپ میں میں حصہ لینے والی پاکستان جونیئر ٹینس ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام کھیلوں میں پاکستانی نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹینس کو بھی دیگر کھیلوں کے طرح فروغ حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹینس سے نوجوانوں کی بھرپور نشوونما ہوتی ہے۔انہوں نے جونیئرٹینس  ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح استعمال کریں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایک دن یہ ٹیم پاکستان کے لیے فخر کا باعث بنے گی اور ملک اور قوم کا نام روشن کرے گی۔ بعد ازاں پاکستان جونیئر ٹینس ٹیم نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی۔