کراچی(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی ایک موثر قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں جیالے امیدواروں کی حمایت کرنے والے عوام سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں انتھک محنت کرنے والے کارکنان کو شاباش دیتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میدان خالی نہ چھوڑنا ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے، خیبرپختونخوا میں جگہ جگہ جیالے امیدواروں نے بہترین مقابلہ کرکے حریف امیدواروں کو مشکلات سے دوچار کیا،پی پی پی امیدوار مزید محنت کریں، عام انتخابات میں بازی جیالوں کے ہاتھ میں ہوگی۔