معروف بائیکر مکرم ترین، جہاں گرد خان اور اُن کے ساتھیوں کا موٹر سائیکلوں پر سعودی عرب، ایران، عراق اور متحدہ عرب امارات کے سفر سے وطن واپسی پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی دفترمیں پر تپاک استقبال

لاہور( صباح نیوز) معروف بائیکر مکرم ترین، جہاں گرد خان اور اُن کے ساتھیوں کا موٹر سائیکلوں پر سعودی عرب، ایران، عراق اور متحدہ  عرب امارات کے سفر سے وطن  واپسی پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان  کے مرکزی دفترمیں پر تپاک استقبال کیا گیا۔

اِس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدور ڈاکٹر مشتاق مانگٹ،سید احسان اللہ وقاص نے الخدمت کے دیگر ذمہ داران اور رضاکاروں کے ہمراہ بائیکرز کا استقبال کیا، انہیں عمرے کی مبارکباد پیش کی۔ الخدمت کی جانب سے بائیکرز کیاعزاز میں افطار  ڈنر کا اہتمام  بھی کیا گیا۔’کراس روٹ’ بائیکرز کلب سے مکرم ترین نے بتایا کہ یہ 25 رُکنی وفد تھا جس نے موٹر سائیکل پر عمرے کی نیت سے پاکستان سے سفرکا آغاز کیا اور براستہ ایران، عراق، متحدہ عرب امارات سعودیہ عرب کا سفر کیا۔ یہ سفر ساڑھے  3 ماہ میں مکمل  ہوا۔ ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے اِس موقع پر کہا کہ مکرم ترین  اور اُن کے ساتھی پاکستان کا روشن چہرہ ہیں۔ ہمیں اِن جوانوں پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل اور صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کیلیے بہت ضروری ہیں الخدمت اپنے والینٹیئرز ڈیپارٹمنٹ کے زریعے کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے اس مقصد کے لیے ملک بھر میں مختلف سرگرمیاں بھی منعقد کی جاتی ہیں جبکہ مستقبل میں بھی الخدمت کھیلوں اور سیروسیاحت کے فروغ کے لیے بھر پوراقدامات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مکرم ترین خان نے الخدمت کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کی انسانی خدمات کو بے حد سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سفر کا مقصد دنیا کو یہ بتانا تھا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اورپاکستان کے لوگ محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ اختتام پر مہمانون میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گیٔں۔