اسلام آباد(صباح نیوز) ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مسئلہ فلسطین؛ انسانی المیہ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فلسطین کی آزادی اور القدس کے فلسطین کے دارالحکومت بننے تک ہم اہل فلسطین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، سیمینار سے فلسطین فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابرعبداللہ، سینئر تجزیہ کار امیر عباس، تجزیہ کار صدیق جان، اینکرپرسن مخدوم شہاب الدین، سکھ کمیونٹی کے نمائندہ ہرمیت سنگھ، صدرڈی ایم جی اے فیصل تارڑ، سینئر صحافی نادر بلوچ، ڈائریکٹر اوئیرنس فاؤنڈیشن رضی طاہر نے خطاب کیا،
مقررین نے فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے، اسرائیل کا وجود دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہے، امیرعباس نے کہا کہ مسلم امہ کو متحد ہوکر ہر میدان میں باطل کا سامنا کرنا ہوگا، چاہے وہ علم و فن کا میدان ہو یا سیاست و سائنس کا، جب تک ہم ہر میدان میں دشمن کو ہرانے کے قابل نہیں ہوجاتے مظلوم و محکوم قوموں کی مدد نہیں کرسکیں گے، ڈاکٹر صابرابومریم نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے اس وقت اسرائیل ہر جانب سے گھیرا جاچکا ہے اور داخلی سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے،
صدیق جان کا کہنا تھا کہ کچھ طاقتور لوگ چاہتے ہیں کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرے لیکن عوام پاکستان ایسا نہیں ہونے دیں گے، ہرمیت سنگھ نے کہا کہ جہاں ظلم ہوگا وہاں اس کے خلاف آواز اٹھانا ہمارا فرض ہے، مخدوم شہاب الدین نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اسرائیل کے مظالم اجاگر کرنے پر اکاؤنٹس بلاک کردیئے جاتے ہیں، یہ یورپ و امریکہ کا سیاہ چہرہ ہے، آزادی اظہار صرف مسلم امہ کے خلاف بولنے کو کہا جاتا ہے، نادر بلوچ، فیصل تارڑ اور رضی طاہر نے اظہار خیال کرتے ہوئے نوجوان صحافیوں کو مسئلہ فلسطین کیلئے سوشل میڈیا پر بھرپور مہم کی دعوت دی، جس کیلئے مشترکہ لائحہ عمل کی منظوری دی گئی،
ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹس کے تحت اپنے نوعیت کے منفرد سیمینار میں نوجوانوں کی جانب سے سوال و جواب بھی کیے گئے، نوجوان صحافیوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے مشن پر چلتے ہوئے اسرائیل کے خلاف آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔سیمینار میں قمر میکن، جہانگیرخان، چوہدری عثمان، زیاد علی شاہ، ملائکہ نور، نملہ مظہر، جویریہ جمال، اقراء لیاقت، حسیب احمد، احتشام چوہدری، مسعود چوہدری، ثاقب راٹھور،امجد علی سمیت کثیر تعداد میں ڈیجیٹل جرنلسٹس شریک تھے