پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹی 20 اور دو ون ڈے میچز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت جاری


راولپنڈی (صباح نیوز)پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں شیڈول دو ٹی 20 اور دو ون ڈے میچوں کے لئے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گئی۔ شائقین کرکٹ pcb.bookme.pk پر پر لاگ ان ہو کر ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے ٹکٹوں کی قیمت کم رکھی ہے تاکہ راولپنڈی میں کرکٹ کے شائقین اپنے ستاروں کو ایکشن میں دیکھ سکیں۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے آخری دو میچز کے ٹکٹوں کی قیمت پریمیم انکلوژرز (میراں بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات)کے لئے 500 روپے اور وی آئی پی انکلوژرز (عمران خان، جاوید اختر، اظہر محمود)کے لئے 1000 روپے رکھی گئی جبکہ تیسری منزل کی گیلری 3500 روپے میں دستیاب ہو گی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹی 20 میچ 20 اپریل جبکہ پانچواں اور آخری میچ 24 اپریل کو کھیلا جائے گا ۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 27 اور 29 اپریل کو ہونے والے پہلے دو ون ڈے میچوں میں پریمیم انکلوژرز کے ٹکٹ 300 روپے، وی آئی پی انکلوژرز کے 500 روپے اور تیسری منزل کی گیلری کے ٹکٹ 3000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔