ہزارہ یونیورسٹی: بٹگرام کے طلباء کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،فیاض جمال خان


اسلام آباد: پیرزئی ملکال قوم کے مشر فیاض جمال خان نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے علم و فن کا محور ہونے کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور کسی بھی قوم کے مستقبل کی راہ متعین کرنے میں ان کا کردار کسی سے کم نہیں۔

ہزارہ یونیورسٹی میں بٹگرام کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ یونیورسٹی میں زیرتعلیم بٹگرام کے طلباء کی مسائل کے حل کیلئے ہر حد تک جاونگا۔ اور اس کیلیے ہر ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تفصیلات کے مطابق ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں بٹگرام سٹوڈنٹس سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ” بٹگرام کلتوری شپہ” پروگرام میں طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے فیاض جمال خان نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں پڑھنے والے بٹگرام کے نوجوانوں کو تعلیمی میدان میں فیسوں، رہائش، ٹرانسپورٹ و دیگر کئی مسائل کا سامنا ہے، ہاسٹل، ٹرانسپورٹ اور اسکالرشپ نہ ملنے کئی طلباء کا مستقبل تاریک ہونے کا اندیشہ ہے۔

ان طلبا کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کرونگا اور جہاں بھی ان کو میری ضرورت پڑی میں ہمہ وقت تیار رہوں گا، میرے گھر کے دروازے چوبیس گھنٹے ان کیلئے کھلے ہیں۔ پیرزئی ملکال قوم کے سربراہ نے پھگوڑہ میں مسجد کا کنواں صاف کرتے ہوئے شہید ہونے والے دو نوجوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بازو پر کالی پھٹی باندھ کر غمزدہ خاندان کیساتھ دکھ کی اس گھڑی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان یونیورسٹی کے نوجوان طلباء کو اس واقعے سے جوڑ کر ان کے پروگرام کو خراب کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کیے گئے، غلط خبریں چلائی گئی، ایسے واقعات یقیناً لمحہ فکریہ ہیں مگر منفی پروپیگنڈہ سے کسی ایونٹ کو سبوتاژ کرنے جیسے مذموم مقاصد کا خاتمہ ضروری ہے، ڈی سی سے التماس ہے کہ اس ضمن میں سوگ کا اعلان خود کرے۔

انکا کہنا تھا کہ ہزارہ یونیورسٹی میں زیرتعلیم بٹگرام کے طلباء کو ان کے حقوق دینے کیلیے ضلعی انتظامیہ مانسہرہ اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ بھی آگے آئے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں ۔بٹگرام کے ایک مخصوص طبقے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پیرزئی ملکال قوم کے سربراہ فیاض محمد جمال خان نے ڈپٹی کمشنر بٹگرام کو خبردار کیا کہ صحافت کا لبادہ اوڑھ کر لوگوں کو بلیک کرنے والے چند نام نہاد صحافیوں کے خلاف کاروائی کریں۔

پریس کانفرنسز اور مختلف ایونٹس کے موقع پر ان فیک صحافیوں کو بلانے سے اجتناب کریں کیونکہ یہی صحافی پھر بلیک میلنگ پر اتر آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس اور پیغمبرانہ پیشہ ہے مگر بدقسمتی سے بٹگرام میں کچھ لوگ اس کا غلط استعمال کرتے ہوئے ذاتی مفادات کے لئے استعمال کررہے ہیں، حق پرست اور سچ لکھنے والے صحافیوں کا ساتھ دینگے اور مفاد پرست صحافیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھتے ہوئے بٹگرام کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرینگے۔