علی امین گنڈا پور 6روزہ جوڈیشل ریمانڈپرسنٹرل جیل ڈی آئی خان منتقل


ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف  کے سابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردارعلی امین خان گنڈاپورکو عدالت کے حکم پر 6دن کیلئے جوڈیشل لاک اپ سنٹرل جیل ڈیرہ منتقل کردیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان میں مجسٹریٹ ون کی عدالت میں علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی،پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپورکے خلاف اشتعال انگیز تقریر پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، پولیس نے علی امین گنڈاپور کو دو مختلف مقدمات میں جوڈیشل کمپلیکس کی عدالت میں پیش کیا جہاں پنجاب پولیس اور اسلام آباد پولیس نے ملزم کی حوالگی کی استدعا کی۔

عدالت نے بھکر اور اسلام آباد پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کو 6 روزکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں درج دونوں مقدمات کو خارج کردیا۔

کاغذات مکمل نہ ہونے پر پنجاب اور اسلام آباد پولیس علی امین گنڈہ پور کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ نہ لے جاسکی، عدالت نے پنجاب اور اسلا م آباد پولیس کو کاغذات مکمل کرکے دوبارہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیاسابق وفاقی وزیر کی ڈیرہ کے تین مقدمات میں ضمانت منظور ہوگئی ‘ سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور کی جانب سے عدالت میں غلام محمد سپل ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔

واضح رہے کہ سردار علی امین خان گنڈہ پور کوگزشتہ رات ڈیرہ پولیس نے مختلف مقدمات میں ہائیکورٹ ڈیرہ بنچ کے باہر سے گرفتار کرکے تھانہ کینٹ منتقل کردیا تھا،پولیس کی بھاری نفری اس موقع پر موجود تھی ۔

قبل ازیں  تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف اسلام آباد میں دہشت گردی اورغداری دفعات کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمہ تھانہ گولڑہ اسلام آباد میں اسلحہ کی ترسیل اور اس حوالے سے ٹیلی فون کال سامنے آنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمہ میں علی امین گنڈہ پور کے ساتھی اسد خان کو بھی نامزد کیا گیا ۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق علی امین گنڈہ پور کی کال نیوز چینل پر نشر ہوئی، ملزمان نے اسلام آباد کی نجی سوسائٹی میں اسلحے اور بندے جمع کرنے کا کہا، ملزمان نے آڈیو میں کہا کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو پورے اسلام آباد پر قبضہ کر لیں گے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ملزمان نے کہا کہ اسلام آباد سے ہم اس حکومت کو ٹیک اوور کر لیں گے، ملزمان نے پولیس کو بھی دھمکی دی تاکہ وہ اپنے فرائض سر انجام نہ دے سکے۔یاد رہے کہ خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور کو گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں پشاور ہائیکورٹ رجسٹری کے باہرسے گرفتارکرلیا گیا۔