ڈی آئی خان میں سیاسی پارٹی رہنما قتل،علاقے میں سوگ کا سماں


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے سٹی کونسل کی میئر شپ کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق عمر خطاب شیرانی پر صبح گھر کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، ڈی آئی خان سٹی کونسل کی میئر شپ کے امیدوار عمرخطاب شیرانی کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے تھا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے حادثے پر پہنچی اور عمر خطاب شیرانی کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹراما سینٹر منتقل کیا جبکہ جائے واردات سے شواہد بھی اکٹھے کئے۔

فائرنگ کا واقعہ کے پی کے کے 17 اضلاع میں انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد پیش آیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی بلدیاتی الیکشن کے لئے زور وشور سے اپنے مہم جاری رکھی تھی اور کئی سرکردہ رہنماؤں نے بڑے بڑے عوام جلسوں سے خطاب بھی کیا۔

عمرخطاب شیرانی کے قتل کے بعد ان کے علاقے میں سوگ کا سماں ہے جبکہ پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

اے این پی کے سٹی میئر امیدوار عمرخطاب شیرانی کے قتل کے خلاف وکلا، اے این پی عہدیداروں اور کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور ٹاؤن ہال کے سامنے نعش روڈپر رکھ کر احتجاج کیا۔

مظاہرین نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاسی قیادت کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔عمرخطاب شیرانی ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے بھی ممبر تھے، ان کے بہیمانہ قتل پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن و ہائیکورٹ بار نے سوگ کا اعلان کر دیا ہے ۔

واضح رہے کہ پولنگ کل ہوگی، جن اضلاع میں بلدیاتی انتخاب ہونے جارہا ہے، ان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ شامل ہیں۔مجموعی طور پر 66 تحصیل کونسلز اور 2382 نیبر ہڈ اور ویلج کونسل کی نشستوں کے لیے پولنگ ہوگی۔ ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 662 ووٹرز حق رائے دیہی استعمال کریں گے۔