دردانہ صدیقی کی اہلیان بلوچستان کو حق دو گوادر تحریک کی شاندار عوامی پذیرائی،کامیابی پر مبارکباد


کراچی(صباح نیوز)حق دو گوادر تحریک کی شاندار عوامی پذیرائی اور کامیابی پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے اہلیان بلوچستان کو بھرپور مبارکباد دیتے ہوئے کارکنان سے شکرانے کے نوافل ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

اپنے تہنیتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گوادر دھرنے سے ثابت ہوا کہ اگر قیادت دیانت دار اور مخلص اور عوام بیدار و پرجوش ہو تو کوئی ان کی بات نظر انداز نہیں کرسکتا، جائز مطالبات کے غاصب حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکتے ہی بنتی ہے، گوادر دھرنا کی کامیابی ملک بھر میں اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے حوصلوں کو مہمیز بخشے گی جس کے نتیجے میں حق دو کراچی تحریک بھی ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

انہوں نے امیر جماعتِ اسلامی صوبہ بلوچستان،ناظمہ حلقہ خواتین بلوچستان، تحریک کے روح رواں مولانا ہدایت الرحمن سمیت تمام رہنماوں کو مبارکباد دی ہے،انہوں نے گوادر دھرنے میں اتنی بڑی تعداد میں خواتین کو جمع اور منظم رکھنے پر حلقہ خواتین کی ذمہ داران اور کارکنان کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی، دنیا میں بھی قوم اس کے ثمرات سے مستفید ہوگی، اور آخرت میں بھی آپ کا اجر محفوظ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے بعد گھروں میں بیٹھنے اور سستانے کے بجائے اپنی جدوجہد مزید تیز تر کیجیے کہ ابھی اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے نعرے کو بھی منزل سے ہمکنار کرنا ہے