کسی سیاسی لیڈر نے گرفتاری سے بچنے کیلئے اتنا تماشا نہیں لگایا جتنا ڈرپوک خان نے لگایا ،شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی لیڈر نے گرفتاری سے بچنے کیلئے کبھی اتنا تماشا نہیں لگایا جتنا ڈرپوک خان نے لگایا ہے۔ قانون کی حکمرانی کی پرچار کرنے والے عمران خان اور ان کی ڈنڈا بردار فورس گزشتہ روز سے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ۔باعزت طریقے سے گرفتاری دینے سے سیاستدان کے قد میں اضافہ ہوتا ہے۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ ہمارے قائدین نے ہمیشہ اپنے کارکنان اور چاہنے والوں کا مان رکھا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، آصف علی زرداری اور دیگر نے ہمیشہ ہنستے ہوئے قانون اور عدالت کا سامنا کیا اور گرفتاریاں دیں۔ پولیس اور گرفتاری سے چھپ کر عمران خان نے اپنا مذاق اڑایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کون سا سیاسی قائد اپنی گرفتاری سے بچنے کیلئے کارکنان اور عورتوں کو ڈھال بناتا ہے؟ تحریک انصاف نے گزشتہ روزسے زمان پارک کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ عمران خان گرفتاری سے بچنے کیلئے اپنے کارکنان اور پولیس والوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے۔ ایک خودغرض لیڈر ہی لوگوں کی زندگیوں سے کھیلتا ہے۔