لاہور (صباح نیوز) ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیلیے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے والنٹیر ڈیپارٹمنٹ اور ماڈل ٹاؤن فٹبال اکیڈمی کے اشتراک سے دوستانہ فٹبال ٹورنامنٹ کا. انعقاد کیا گیا۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدور ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، ذکر اللہ مجاہد ماڈل ٹاؤن فٹبال اکیڈمی کے صدر میاں رضوان، الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار، مختلف فٹ بال کلبز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ نے شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کے دوران الخدمت آرفن سپورٹ پروگرام، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی اور رٍفا یونیورسٹی کے مابین میچ کھیلے گئے۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا مقصد سپورٹس کمیونٹی کی طرف سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ کھیل اور صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کیلیے بہت ضروری ہیں اور آج بچوں کا کھیل میں جذبہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ میاں رضوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت کی انسانی خدمات کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ میچ کے اختتام پر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کھلاڑیوں میں انعمات تقسیم کیے۔