اسلام آباد(صباح نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس ایسا زخم ہے جس سے آج بھی خون ٹپک رہا ہے۔
سانحہ اے پی ایس کی برسی پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے مطالبہ کیا کہ معصوم شہیدوں کے قاتلوں، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔آصف زرداری نے کہا کہ جب تک مجرموں کو سزا نہیں دی جاتی قوم معصوم شہیدوں کی مقروض رہے گی، سانحہ اے پی ایس ایسا زخم ہے جس سے آج بھی خون ٹپک رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان دہشتگردوں کو نیست و نابود کرنے کا عہد تھا، افسوس قوم سے کیے ہوئے عہد پر من و عن عمل نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست کو یہ حق نہیں کہ وہ معصوم انسانوں کے قاتلوں کو معاف کرے، دہشتگردوں سے مذاکرات ریاست کو کمزور اور شرمندہ کرنے کے مترادف ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ فوج کے بہادر بیٹوں کو سلام جنہوں نے دھرتی کی خاطر جانوں کا نذرانہ دیا، پولیس اور سکیورٹی اداروں کے بہادر افسران کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد کسی طور بھی معافی کے مستحق نہیں ہیں، موقع ملا تو دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر عبرت ناک سزا دی جائے گی اور وطن سے دہشتگردوں کا ایسے صفایا کیا جائے گا جیسے سوات میں کیا گیا تھا۔