دنیا کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کے لیے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے، پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی

کرک(صباح نیوز)خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے کہا ہے کہ دنیا کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کے لیے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے۔

انچارج میڈیا خوشحال خان خٹک یونیورسٹی ڈاکٹر محمد انورکی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ بات پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مضمون نویسی اور تقریری مقابلہ بھی شامل تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جائز حقوق کو دبا رہا ہے اور ان کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے بے گناہ لوگوں کا قتل روز کا معمول ہے۔

انہوں نے بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں پر بھارتی افواج کے مظالم رکوانے کے لیے آواز اٹھائے۔

بعد ازاں وائس چانسلر نے تقریری اور مضمون نویسی کے مقابلے میں کامیاب ہونے والے طلبا وطالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ دریں اثنا یونیورسٹی کے طلبا، فیکلٹی، افسران اور عملے نے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت میں ایک ریلی نکالی۔ شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حقوق کی حمایت میں نعرے درج تھے۔