پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا 90 دن کے اندرانتخابات کرانے کیلئے پشاورہائیکورٹ سے رجوع

پشاور(صبا ح نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں 90 دن کے اندرانتخابات کرانے کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔تحریک انصاف کے صوبائی رہنماؤں نے اس حوالے سے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ  اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانا لازمی ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ  کے لیے گورنر کو خط لکھا لیکن گورنر خیبرپختونخوا نے ابھی تک انتخابات کے لئے تاریخ نہیں دی۔

درخواست میں کہا گیاکہ قانون کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر الیکشن نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ  انتخابات منعقد کرانے کے لئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ، بروقت الیکشن کرانا آئینی ضرورت ہے، آئین میں درج ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانے ہوتے ہیں لیکن اب تک گورنر نے تاریخ نہیں دی جو غیر آئینی اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پتا نہیں پی ڈی ایم الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے، نگران کابینہ غیرسیاسی ہوتی ہے لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ یہ پی ڈی ایم کی کابینہ ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بھی 90 روز میں الیکشن کرانے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے جو زیر سماعت ہے