پشاور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ انسانوں کے بنائے قوانین سے دنیا میں عدل قائم نہیں ہو سکتا، اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسانیت کی رہنمائی کے لیے مکمل نظام اسلام کی صور ت میں موجود ہے، اسی سے ہی کامیابی ممکن ہے۔
پشاور میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دنیا میں بظاہر عدل و انصاف کی فراہمی کے دعویدار جو نظام موجود ہیں وہ حقیقتاً نظام عدل نہیں۔ فلسطین، کشمیر، برما میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے، مگر انھیں انصاف نہیں ملتا، مصر میں ڈکٹیٹرشپ کی صورت میں انسانی حقوق سلب ہیں، استعماری طاقتیں دنیا کے مختلف ممالک میں ڈکٹیٹرشپ کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود نظام امیروں اور طاقتوروں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، یہ ایسا نظام ہے جس سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو رہا ہے۔ حکمرانوں کے محلات اور جائدادیں بن رہی ہیں، غریب روٹی کے لیے ترس رہا ہے۔جب تک دنیا میں اللہ کی حاکمیت قائم نہیں ہو گی، انسانیت کے حقوق سلب ہوتے رہیں گے اور اللہ کے اصل بندے ہی دنیا میں نظام عدل قائم کر سکتے ہیں۔
دریں اثنانائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے معروف کالم نگار احمد حاطب صدیقی کی اہلیہ کے انتقال پر اسلام آبادمیں حاطب صدیقی کی رہائش گاہ جا کر ان سے اظہار تعزیت کی اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا کی۔