یوتھ پاکستان ملک و قوم کی تقدیر بدلنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے ، فرخ حبیب


فیصل آباد(صباح نیوز) اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کی 60فیصد آبادی 18سے 35سال کے نوجوانوں پر مشتمل جبکہ یوتھ پاکستان کاقیمتی اثاثہ جس کی تعداد 12کروڑ ہے اور یہ طبقہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے لیکن اس کے لئے ہمارے پاس بڑا خواب اور مقصد ہونا چاہیے جو یوتھ کو بڑا لیڈر بننے اور تاریخ میں نام لکھوانے میں معاون ہوسکے۔

وہ فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ کے فیصل آباد کیمپس میں منعقدہ دو روزہ قومی پاکستان آئی ٹی پروفیشنلز کانفرنس کے شرکا سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد سرفراز،ہشام سرور بانی اوردیگربھی موجودتھے۔  انہوں نے کہا کہ آپ کا آئی ٹی کی فیلڈ کے ساتھ تعلق ہے اس لئے آپ کو چاہیے کہ آپ اپنے ملک کیلئے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایٹم بم اور دنیا کی بہترین فوج اور وسائل موجود ہیں۔ پچھلے 100سال میں کورونا جیسا وائرس آج تک نہیں آیا جس سے پوری دنیا تبدیل ہو گئی اور اس سے پاکستان کی تعلیم و معیشت سب سے زیادہ متاثر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جب کورونا کی وبا آئی تو ہمارے پاس ماسک تک نہیں تھے مگر ہمارے ٹیلنٹڈ صنعتی شعبہ نے اتنے ماسک تیار کئے کہ اب ہم ان کی ایکسپورٹ کررہے ہیں ،عمران خان کرکٹ کے میدان میں آئے تو انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ اچھے کھلاڑی نہیں بن سکتے لیکن ا نہوں نے بن کر دکھایا ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری آئی ٹی کی ایکسپورٹ2ارب ڈالر تک جا چکی ہے جس کو اس سال 3ارب ڈالر تک لے جا یا جائے گااسی طرح ہم نے کامیاب جوان پاکستان پروگرام کے تحت آپ نوجوانوں کو ایک ملین سے لے کر 2کروڑ روپے تک بہت ہی کم انٹرسٹ ریٹ پر بینکوں سے قرضہ کی سہولت فراہم کی جو پاکستانی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ملی تھی لہٰذا اس رقم سے نوجوان اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 2لاکھ نوجوانوں کو مختلف سکلز میں آگے لے کر جانا ہے جن میں سے25 ہزار نوجوانوں کی مختلف سکلز میں سرٹیفکیشن ہو چکی ہے۔ اب لوگ بینک سے قرضہ لے کر کاروبار کر سکتے ہیں اور یہ عمران خان کا ہی ویژن ہے کہ انہوں نے نوجوانوں کو جاب ڈھونڈھنے والے کی بجائے آپ کو جاب دینے والا بنا دیاہے ۔

اُنہوں نے کہاکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان ڈیجیٹل پے منٹ پر بہت زیادہ سہولتیں دے گا اور ٹیکس ریلیف بھی ملے گا لہٰذااب ملک میں زیادہ سے زیادہ انٹر نیٹ کی ضرورت ہے اور ہم انٹر نیٹ کے نظام کو وسیع کرنے کے لئے 31ارب روپے خرچ کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے اندر فیڈمک میں صنعتکاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ہم پاکستان میں مختلف جگہوں پر ٹیکنالوجی زون بنانے جا رہے ہیں جس کا آغاز اسلام آباد میں کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ سے سپیشل ٹیکنالوجی زون کا ایکٹ پاس کروایا ہے اور پاکستان میں اگلے سال5جی بھی آئے گااور اس کے ساتھ ساتھ ہم 3جی اور4 جی کو بھی بہتر کریں گے۔ ہم 50ارب روپے کے سکالر شپ دے چکے ہیں اور جو بچے آگے پڑھنا اور آگے بڑھناچاہتے ہیں ان کوبھی 2 لاکھ سکالر شپ احساس پروگرام کے تحت یئے جا چکے ہیں جبکہ مزید سکالر شیس کی فراہمی بھی جاری رکھی جا ئے گی ۔