آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کوفول پروف سیکیورٹی دیں گے، شیخ رشید


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے منتظر ہیں، انہیں فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سیکیورٹی وفد نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام سے ملاقات کی،پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ٹیم کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات کرلیے ہیں،سندھ اور پنجاب حکومت کا سکیورٹی اداروں سے مکمل رابطہ ہے۔

پاکستان کے لوگ کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں،قوم 24 سال سے ملک میں پاک آسٹریلیا مقابلوں کی منتظر ہے،امید ہے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹیم بھیجنے کے اعلان پر آسٹریلیوی کرکٹ بورڈ کے مشکور ہیں،پاکستان آمد پر آسٹریلوی ٹیم کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔

پی سی بی  کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ ٹیم آئندہ سال مارچ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی ، دورے میں تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ شامل ہیں۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 3 مارچ سے کراچی میں شروع ہوگا،دوسرا ٹیسٹ میچ 12 تا 16 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلاجائے گا، تیسرا میچ21 تا 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا