عبداللطیف آفریدی کے قتل کی مذمت کرتے ہیں،واقعہ صوبائی حکومت اور پولیس سیکیورٹی کی ناکامی ہے، پروفیسر محمد ابراہیم خان

پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے سینئر وکیل رہنما عبداللطیف آفریدی (لطیف لال) کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بار روم میں وکیل رہنما کا قتل افسوسناک ہے۔ واقعہ صوبائی حکومت اور پولیس سیکورٹی کی ناکامی ہے۔ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت وکلا سمیت کسی شہری کو بھی تحفظ فراہم نہیں کرسکتی۔ بار روم کے اندر ایک سینئر وکیل کے قتل نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ لطیف لالا کے قاتل کو سخت سزا دی جائے۔

انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع، نائب امیر و ممبر صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان نے بھی لطیف لالا کے قتل کی شدید مذمت، مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔