اسلام آباد(صباح نیوز)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) کے سی ای او سلطان عبدالرحمن المرشد اور پاکستان میں اقتصادی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے پاکستان کو ایک بلین امریکی ڈالر مالیتی تیل مصنوعات کی مالی اعانت کے معاہدے پر جمعرات کو دستخط کئے۔
اس معاہدے پر اسلام آباد میں پاکستانی اور سعودی حکام کی موجودگی میں دستخط کئے گئے۔اس سٹریٹیجک معاہدے کا مقصد برادر ملک پاکستان کو پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد میں تسلسل لانا ہے۔ 2019 اور 2021 میں بھی 4.44 بلین امریکی ڈالرز مالیتی تیل کی مالی اعانت کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے تھے۔حالیہ معاہدہ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے ایس ایف ڈی اور پاکستانی حکام کے ذریعے ملک میں ترقی کو بڑھانے کے لئے اٹھائے گئے تازہ ترین اقدامات کی نشاندہی کرتا ہے۔
فنڈ کے قیام کے بعد سے ایس ایف ڈی نے اب تک پاکستان کے توانائی، پانی، نقل و حمل اور بنیادی ڈھانچے کے مختلف ترقیاتی شعبوں میں تقریبا 1.4 بلین امریکی ڈالر مالیت کے 40 سے زائد منصوبوں اور پروگراموں میں مالی معاونت کی ہے۔۔