قومی زرمبادلہ کے ذخائر میں ہمیشہ اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے پاس موجود فاریکس شامل ہوتا ہے،سینیٹر محمد اسحاق ڈار

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ وریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قومی زرمبادلہ کے ذخائر میں ہمیشہ اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے پاس موجود فاریکس شامل ہوتا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیا ن میں اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ حال ہی میں میں نے اس اصول پر مبنی غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا حوالہ دیا۔ ماضی میں اس ملک کی معیشت کو تباہ کرنے والے کچھ مفاد پرست عناصر نے اسے جان بوجھ کر ایک موڑ دیا اور ایک مہم شروع کر دی گویا حکومت کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ تک رسائی پر غور کر رہی ہے جو درحقیقت شہریوں کی ملکیت ہے۔

اس کی سختی سے تردید کی جاتی ہے اور واضح کیا جاتا ہے کہ ایسا کوئی اقدام حکومت کے زیر غور نہیں ہے۔ اس لیے کہا گیا کہ غلط تشریح، اور غلط، پروپیگنڈے کو نظر انداز کیا جانا چاہیے۔ پاکستان مستقبل قریب میں اپنے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی پوزیشن میں بہتری کی طرف گامزن ہے، انشااللہ!۔