ڈی آئی خان(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کے دوران ایف سی کے پی ساوتھ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
ایف سی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر آئی جی ایف سی کے پی ساوتھ میجر جنرل منیر افسر نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو ہیڈکوارٹرز آمد پر ایف کے پی ساوتھ کے جوانوں نے سلامی پیش کی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو ایف سی کی آپریشنل تیاریوں اور علاقے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بارڈر سکیورٹی اور مینیجمنٹ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے چائیکان میں زیر تعمیر ایف سی کے پی ساوتھ کے نئے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے چائیکان میں نئے ایف سی ڈگری کالج اور مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے پاک فوج کی دفاع وطن کیلئے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو اپنی پاک فوج اور اسکے افسران اور جوانوں پر فخر ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے پاکستان اور عوام کیلئے لازوال جانی قربانیاں دی ہیں۔