اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی)کے صدر جن لیچون نے ورچوئل میٹنگ کی جس کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر اے آئی آئی بی کو دوسری بار بینک کا صدر بننے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی قابل قیادت میں بینک مستقبل میں بھی ترقی کرتا رہے گا۔ وزیر خزانہ نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر بینک اور پاکستان کے درمیان گہری دوستی کو اجاگر کیا۔وزیر خزانہ نے ملک کی معاشی صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کو کمزور معاشی ورثہ ملا ہے لیکن وہ چیزوں کو درست سمت میں طے کرنے پر توجہ دے رہی ہے اور معاشی و اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے دانشمندانہ اقدامات کی وجہ سے ملک ترقی وخوشحالی کی منازل طے کر رہا ہے۔وزیر خزانہ نے صدر اے آئی آئی بی کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور پاکستان کی معیشت پر پڑنے والے اثرات سے بھی آگاہ کیا۔ ورچوئل ملاقات میں جنیوا میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے صدر اے آئی آئی بی کو 2023 میں پاکستان کا دورے کرنے کی دعوت بھی دی۔ ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے سربراہ نے پاکستان اوراے آئی آئی بی کے درمیان تعلقات کوسراہا اور اے آئی آئی بی کا بہترین رکن ہونے پر پاکستان کی تعریف کی۔
بینک کے صدرنے عوام کی سماجی بہتری کے لیے موجودہ حکومت کی معاشی و اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری میں اے آئی آئی بی کے کردار پر روشنی ڈالی اورکہا کہ پاکستان کے لیے اے آئی آئی بی کی مکمل معاونت اور تعاون میںاضافہ کیا جائے گا ۔وزیر خزانہ نے ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون پر ر اے آئی آئی بی کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔