چین ہمارا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،محمد شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین ہمارا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،سی پیک کے تحت اربوں ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری، چین کی پاکستان سے دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے،چینی کمپنیاں حکومت کے سولرائزیشن منصوبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم سے سی ای او ایس کے ہائیڈو کی سربراہی میں چینی کمپنی کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں وزیرِ اعظم نے چینی کمپنی کے پاکستان میں پن بجلی منصوبوں میں کام کو سراہا،وزیرِ اعظم نے چینی کمپنی کو حکومت کے سولرائزیشن کے منصوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وفد نے وزیرِ اعظم کو کمپنی کی طرف سے سولرائزیشن کے حوالے سے 600 میگاواٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا جس کا وزیرِ اعظم نے خیر مقدم کیا۔چینی وفد نے وزیرِ اعظم کو سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے 1 لاکھ ڈالر کا امدادی چیک بھی پیش کیا. وزیرِ اعظم نے چینی کمپنی کے سیلاب زدگان کی مدد کے جذبے کو سراہا ۔۔۔