سال نو پرہوائی فائرنگ،خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی


کراچی(صباح نیوز) کراچی اور لاہور میں سال نو پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ میں ملوث دو پولیس اہلکاروں سمیت 37 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے گئے۔

حکومت اور انتظامیہ کی بار بار وارننگ کے باوجود کراچی میں سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ نہ رک سکی۔ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 23 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے انیس افراد کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں سب سے زیادہ گرفتاریاں اولڈ سٹی ایریا میں کی گئیں۔لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی ہوائی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 20 سے زائد ملزم گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لئے ہیں۔