مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری اشرف گرفتار،وزیراعظم کی محمد اشرف کی گرفتاری کی شدید مذمت

 ساہیوال،اسلا م آباد(صباح نیوز)محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کو گرفتار کرلیا۔مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری اشرف کو اراضی کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ساہیوال کے حلقہ 161 سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی چودھری محمد اشرف پر 157 ایکڑ 1 کنال 16 مرلے سرکاری اراضی جعلسازی کے ذریعے محمد سلیم پٹواری اور ریاست علی گرداور سے مل کر جعلی گرداوری بنا کر اپنے قبضے میں رکھنے کا الزام ہے۔محکمہ اینٹی کرپشن نے الزام ثابت ہونے پر لیگی رکن قومی اسمبلی چودھری محمد اشرف کو گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  ملزم نے ایک فرضی شخص شریف احمد ہاشمی کو جعلی الاٹی ظاہر کرکے سرکاری رقبے پر قبضہ کیا ہوا تھا۔

اینٹی کرپشن پنجاب نے انکوائری کرکے مقدمہ نمبر 18/22 درج کرلی،دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے ایم این اے محمد اشرف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہیکہ محمد اشرف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، عمران خان کے کہنے پر اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آج بھی بد ترین سیاسی انتقام کی اپنی منفی روش پر کاربند ہے، چار سال آپ یہ سب کرکے دیکھ چکے ہیں، سیاسی انتقام کا ملک اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان ہوا،

نیب، ایف آئی اے کی طرح اب اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے،وزیراعظم نے گرفتار رکن قومی اسمبلی محمد اشرف سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب، ایف آئی اے کی طرح اب اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، سیاسی انتقام سے مخالفین کو دھمکانے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔۔۔