پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابرہیم خان نے کہا ہے کہ غلط لوگوں کو ووٹ کے ذریعے برسرِ اقتدار لانے سے پاکستان مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور لاقانونیت نااہل لوگوں کی وجہ سے ہیں۔ جس ملک میں اسلامی نظام نافذ ہونا تھا وہ حکمرانوں کی وجہ سے اس نظام سے محروم ہے۔ آئین کی بار بار معطلی اور مارشل لا نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔ جماعت اسلامی کسی خفیہ یا ناجائز طریقے سے نہیں بلکہ انتخابات اور ووٹ کی پرچی کے ذریعے انقلاب پر یقین رکھتی ہے۔ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی کے دست و بازو بننے کی بجائے اپنے نام، جھنڈے اور نشان ترازو کے ساتھ انتخابی معرکے میں حصہ لیں گے۔ اگلا سال انتخابات کا ہے، کارکنان گھر گھر اور فرد فرد تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں۔ عوام حکومت الہیہ کے قیام کے لیے ووٹ جماعت اسلامی کو دیں۔ اقتدار میں آ کر اس ملک کی تقدیر بدلیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی مردان کے زیر اہتمام اقرا سکول اینڈ کالج پار ہوتی میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے آئی یوتھ خیبرپختونخوا کے صدر صہیب الدین کاکا خیل، ضلعی امیر حاجی غلام رسول، سیکرٹری جنرل سہیل احمد بابر راہی، ضلعی ناظم انتخابات فضل ربانی ایڈووکیٹ، مولانا عبدالبر، مولانا صفی اللہ و دیگر ذمہ داران اور کارکنان شریک تھے۔
پروفیسر محمد ابرہیم خان نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبہ میں قرآن و سنت کا نظام رائج کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر اعلی مناصب پر قابض افراد نے ملک کے اسلامی تشخص کو بدترین نقصان پہنچایا ہے۔ ایسے لوگوں سے اقتدار اور اختیار چھیننے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آنے والے انتخابات میں درست سمت کو اختیار کریں۔ غلط لوگوں کو ووٹ دیں گے تو اس کا وبال بھی عوام پر ہوگا اور مسائل و مشکلات بھی بڑھیں گی۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنان پر زور دیا کہ لوگوں تک جماعت کا پیغام پہنچائیں۔ انہیں بتائیں کہ اسلامی نظام کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، اس پر اعتماد کریں اور جماعت کے حق میں رائے استعمال کریں۔ عوام اسمبلیوں میں جماعت اسلامی کے دیانتدار اور باکردار نمائندوں کو بھیجیں گے تو ملک کے مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔