اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو نمایاں طورپر بڑھانے کے لئے رکاوٹوں کے حل میں تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے لئے پرعزم ہے۔وہ پاکستان کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سفیر کا خیر مقدم کیا اور پاکستان اور ایران کے درمیان مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مشتمل صدیوں پرانے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
ایرانی سفیرنے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت اور دیگر شعبوں میں وسیع تر تعاون کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لئے سرحدی منڈیاںکھولنا، مال کے بدلے مال، آزادانہ تجارت کے معاہدے اور باہمی سرمایہ کاری جیسے معاملات پر بات چیت کی گئی۔۔