قبائلی اضلاع کے ساتھ کئے گئے وعدے آج تک پورے نہ ہوسکے،پروفیسر محمد ابراہیم


پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے ساتھ کئے گئے وعدے آج تک پورے نہ ہوسکے۔انضمام کے باوجود قبائلی اضلاع کے لئے وفاقی محصولات کا 3 فیصد اور میگا پراجیکٹ نہ دیئے جا سکے۔ جنرل مشرف کی امریکی پالیسی کا تسلسل ابھی جاری ہے۔ قبائلی اضلاع کو مکمل ٹیکس فری زون بنایا جائے۔ قبائلی اضلاع کے حقوق کے لئے ہم صوبائی حکومت سے آگے ہوں گے لیکن یہ پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے درمیان مفادات کی جنگ ہے۔ پی ٹی آئی کی جب وفاقی حکومت تھی تو صوبائی حکومت نے کچھ نہیں مانگا۔( ن) لیگ کی حکومت ہو یا پی ٹی آئی ہم دونوں سے صوبے کے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھ گئے ہیں۔ افغانستان میں خواتین کی تعلیم پر پابندی درست نہیں۔ پاکستان کا مغربی بارڈر ہندوستان کی طرح متنازع نہیں۔ پورے ملک بالخصوص خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخواسابق سینیٹرپروفیسر محمدابراہیم خان جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈکوارٹر المرکز الاسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین تحریک حقوق قبائل شاہ فیصل آفریدی ،جنرل سیکرٹری مولانا وحید گل ، سابق ممبرقومی اسمبلی ہارون الرشید ، امیر جماعت اسلامی ضلع خیبر رفیق آفریدی و دیگر شریک تھے۔

پروفیسر محمد ابرہیم خان نے امن و امان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جنوبی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے۔ لکی مروت میں پولیس پر پے در پے حملوں اور بنوں میں سی ٹی دی کمپاؤنڈ نے حالات کی سنگینی واضح کردی ہے۔ سیکورٹی ادارے بتائیں کہ کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کس کے ماتحت کام کررہا ہے۔ یہ سویلین ادارہ ہے یا فوج کے کنٹرول میں ہے۔ اگر سویلین ادارہ ہے تو تھانہ منڈان سے اس کا دفتر کینٹ میں کیا کررہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ واقعے پر عوام کے تحفظات دور کئے جائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع کی قومی اسمبلی میں نشستیں 6 سے بڑھا کر 12 اور صوبے میں 16 سے بڑھا کر 24 کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر دونوں اطراف ایک ہی لوگ رہ رہے ہیں انہیں تقسیم کے بجائے ملایا جائے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی نے قبائلی مسائل سے متعلق ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے چیئرمین ضلع خیبر سے شاہ فیصل آفریدی ہونگے جبکہ مولانا وحید گل ضلع باجوڑ سے اس کے جنرل سیکرٹری ہونگے۔ کمیٹی کا مقصد انضمام کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینا اور اس حوالے سے تحریک کی منصوبہ بندی ہوگا۔