مریم اورنگزیب کا اینکر پرسن شفایوسفزئی کو فون ،گھر پر مسلح افراد کے حملے کی مذمت کی


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے اینکر پرسن شفا یوسفزئی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب   نے مسلح افراد کے شفا یوسفزئی کے گھر میں گھسنے اور گھریلو ملازمین پر تشدد کی شدید مذمت کی۔

مریم اورنگزیب کا شفا یوسفزئی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں کہنا تھا کہ پولیس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے، پولیس کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے شفا یوسفزئی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا۔ شفایوسفزئی نے وزیر اطلاعات کو بتایا کہ واقعہ کے وقت وہ گھر پر موجود نہیں تھیں ملزمان نے گھریلو ملازمین پرتشدد کیا اور انہیں دھمکیاں دے کر چلے گئے۔

شفا یوسفزئی نے وزیراطلاعات سے گفتگو میں بتایا کہ ملزمان گھر کے اندر داخل نہیں ہوسکے اور فرار ہوگئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مل کر اس نوع کے واقعات کا قلع قمع کریں گے۔