اسلام آباد(صباح نیوز) عالمی بینک نے پاکستان کیلئے ایک ارب 69کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ۔ ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پاکستان کی مالی مدد کیلئے ایک ارب 69کروڑ ڈالر کی منظوری دی گئی، عالمی بینک سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے 5 منصوبوں کیلئے فنڈز دیگا ۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کیلئے منظور کئے گئے ایک ارب 69کروڑ ڈالر رقم سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں پر خرچ کئے جائیں گے۔اعلامیے کے مطابق منظور کی گئی گئی سیلاب زدہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر، بنیادی صحت مراکز کی تعمیر نو ، زرعی شعبے اور لائیواسٹاک پر خرچ ہوگی۔
ایک ارب 69کروڑ ڈالرز میں سے 50کروڑ ڈالر کی رقم انفراسٹرکچر کی درستگی پر خرچ کی جائے گی۔ 2 منصوبے ماں اور بچوں کے لئے صحت کی خدمات کیلئے ہونگے، 50کروڑ ڈالر سندھ میں سیلاب سے بے گھر افراد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر گھروں کلی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ 29 کروڑ ڈالر سندھ میں پانی کی ترسیل اور زراعت کے شعبے میں جدت لانے کے لیے مختص کئے گئے ہیں۔20 کروڑ ڈالر سماجی تحفظ اور ترسیلی نظام پر خرچ کئے جائیں گے۔