اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرے،، مولانافضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں، ان کے مقاصد اور ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا یوم پاکستان پر مہنگائی مارچ کا فیصلہ غلط ہے، تاریخ 15 دن آگے پیچھے کرلے، 23 مارچ سے پہلے اسلام آباد کے راستے بند کر دیئے جاتے ہیں۔
اپوزیشن نے یوم پاکستان پر لانگ مارچ کی کال دی، یہ قومی مسئلہ ہے، اپوزیشن کو غور و فکر کی دعوت دیتا ہوں، اپوزیشن نے لانگ مارچ کیلئے غلط تاریخ متعین کی ،راستے بند ہوئے تو پھراپوزیشن گلہ نہ کرے ، اپوزیشن لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرے۔انہوں نے کہا کہ این اے 133 میں شائستہ پرویز نے صرف 10 فیصد ووٹ لیے، مولانافضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں، ان کے مقاصد اور ہیں، فضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں وہ تو گلوکاری کے ماہر ہیں۔
مولانافضل الرحمان درس نظامی کے طلبہ کو کن کے پیچھے لے جانا چاہتے ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ قوم آپ کو سمجھ چکی ہے لوگوں نے آپ کے من و رنجن اور مرغ پلا ئوکو چھوڑ دیا۔ ان لوگوں کو لانگ مارچ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، واقعہ پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچانے کی سازش ہے، سری لنکن سفارتخانے کو سخت ایکشن کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان 4 ماہ میں مہنگائی کنٹرول کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے، 4 ماہ کے دوران پنجاب میں بلدیاتی انتخابات بھی ہونے ہیں، ایک سالہ حکومتی کارکردگی 14 دسمبر کوپیش کریں گے، سول اور عسکری ادارے ایک پیج پر ہیں، پہلی جماعتیں ہیں جو 4 ماہ کا وقت دے کر کمپنی کی مشہوری کر رہی ہیں، نگران حکومت نہیں آ رہی، عمران خان مدت پوری کریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ اسلام آبادمیں امن و امان کی صورتحال کے باعث آئی جی کو ہٹادیا گیا۔