ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 0.40 فیصد کم ہوگئی: ادارہ شماریات


اسلام آباد(صباح نیوز)ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیے جس کے مطابق مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 0.40 فیصد کم ہوگئی ہے۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی مجموعی ہفتہ وار شرح 29.42 فیصد ریکارڈ کی گئی، گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 30.66 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں، 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 20 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مرغی کی قیمت میں 5.89 فیصد اضافہ ہوا، پیاز کی قیمت میں 4.45 فیصد اضافہ رپورٹ ہوا۔آٹے کی قیمت میں 2.17 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول 2.04 فیصد مہنگا ہوا، چینی 1.31، نمک 1.08 اور واشنگ سوپ 2.30 فیصد مہنگا ہوا۔ آگ جلانے والی لکڑی 1.27 فیصد مہنگی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر 28.71، آلو 16.63 اور انڈے 2.64 فیصد سستے ہوئے، ویجیٹبل گھی کا ایک کلو کا ڈبہ 0.9 اور 2.5 کلو کا ڈبہ 0.65 فیصد سستا ہوا۔ دال مسور 0.61، دال ماش 0.44 اور دال چنا 0.22 فیصد سستی ہوئی، کوکنگ آئل کے 5 کلوکے ڈبے کی قیمت میں 0.32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔۔