اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو ڈیجیٹل اکانومی میں تبدیل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے ، وزیر اعظم کا ویژن ہے ڈیجیٹل پاکستان اور ہم اس کی طرف ایک جانب مزید آگے بڑھیں ۔
این ٹی سی اور ای سی اے سی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید امین الحق نے کہا کہ ڈیٹا اور تمام ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کے تحفظ کیلئے ریگولیٹری فریم ورکس کی تشکیل ناگزیر ہوگئی ، اس مقصد کے تحت پاکستان میں پہلی بار سرٹیفکیشن اتھارٹیز کا اجرا کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سرٹیفکیشن اتھارٹی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو ڈیجیٹل سگنیچرسرٹیفکیٹ جاری کرے گی، اس طرح سائبرسپیس میں صارفین کی سکیورٹی اور تصدیق کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فی الوقت پبلک کی انفراسٹرکچر کی بنیاد پر ڈیجیٹل سگنیچر واحد ٹیکنالوجی ہے، یہ ٹیکنالوجی محفوظ اور معتبرالیکٹرانک ٹرانزکشنزکیلئے الیکٹرانک سگنیچر کے معیار پر پورا اترتی ہے اور دنیا بھر میں سکیورٹی کے تمام تقاضوں پر پورا اترتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی معاونت سے پاکستان میں روٹ سرٹیفکیشن اتھارٹی قائم کی ہے ، یہ اتھارٹی ملک میں ڈیجیٹل اکانومی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں ہیکرز پاکستان کی سرکاری یا غیر سرکاری ویب سائٹ ہیک کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن این ٹی سی کے زیر انتظام تمام ویب سائیٹس کا ڈیٹا محفوظ ہے۔انہوں نے کہا کہ پیڈ گوگل ایپ کے معاملے پر وزارت خزانہ سے بات کی ہے اور گوگل کا وفد اسی ماہ پاکستان آ رہا ہے جو بہت جلد گوگل پاکستان میں اپنا دفتر قائم کرے گا تاہم ایس ای سی پی میں گوگل رجسٹر ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیس بک سے مذاکرات جاری ہیں ،آئندہ ماہ فیس بک کا وفد پاکستان آ رہا جبکہ ٹک ٹاک کا دفتر بننے جا رہا ہے ۔