اسلام آباد (صباح نیوز)بیلجیم ، یورپین یونین اور لگزمبرگ میں بطور سفیر خدمات انجام دینے والے سینئر سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کو سیکرٹری خارجہ تعینات کردیا گیا۔ ڈاکٹر اسد مجید کی تعیناتی کابینہ سیکرٹریٹ ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے کی گئی ہے۔
جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق فارن سروس آف پاکستان کے گریڈ22کے افسر ڈاکٹر اسد مجید خان کا تبادلہ کر کے انہیں فوری طور پر سیکرٹری، خارجہ امور ڈویژن تعینات کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر اسد مجید خان آئندہ احکامات تک بطور سیکرٹری خارجہ ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ڈاکٹر اسد مجیدخان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن سیکشن آفیسر محمد اسد الحق کی جانب جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنی حکومت کے خاتمہ کے لئے امریکی سازش کے حوالہ سے جو سائفر لہرایاگیا تھا وہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے امریکہ میں بطورپاکستانی سفیر تعیناتی کے دوران بھجوایا تھا۔
ڈاکٹر اسد مجید خان نے اپنی امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار ڈونلڈ لو کے ساتھ ملاقات کے حوالہ سے سائفر بھجوایا تھا۔