اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم میاں شہبازشریف نے اپنے اور پاکستانی عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو قومی دن پر مبارک باد پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن بانیوں کے متحرک ویژن کی یاد دہانی کرتا ہے، بانیوں نے اتحاد کے ذریعے ایک عظیم قوم کی بنیاد رکھی۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ اپنے بھائی یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کو قومی دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر اپنے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین برادرانہ تعلقات کثیر الجہتی تعاون پر محیط ہیں۔ بھائی چارے اور اعتماد کا رشتہ مشترکہ مذہبی و ثقافتی روابط کے باعث مزید مستحکم ہو اہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر مثالی تعاون پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اعتماد اور احترام کو ظاہر کرتا ہے۔ ہمیں ان تعلقات اور بھائی چارے کی فضا کو مزید تقویت دینے کیلئے اعلی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سرمایہ کاری اور کاروباری نقل و حمل کے ذریعے دونوں اطراف کے عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی وقت کے ہر امتحان پر پورا اتری ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کیلئے نئی کامیابیوں اور ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔ پاکستان۔متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزامحمد آفریدی نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مضبوط تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور اقتصادی بنیادوں پر استوار ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔