پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے صالح قیادت کا بر سر اقتدار آنا ضروری ہے،میاں اسلم


اسلام آباد ( صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے صالح، دیانتدار اور نظر یاتی قیادت کا بر سر اقتدار آنا ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کو نسل 97جی الیون کے اُمیدواروں سراقہ سہیل اور جبران لیاقت کی طرف سے منعقدہ ور کر اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع ناظم زون ڈاکٹر طاہر فاروق نے بھی خطاب کیا ۔انہوںنے کہا کہ  پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی نے عوام کو مایوس کیا ہے، ان کی جدوجہد عوام کی فلاح اور ملک کی ترقی کے بجائے اپنے مفادات کا حصول ہے جس کے نتیجے میں مہنگائی کا طوفان،ملک مقروض،کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے،جماعت اسلامی ملک کی حقیقی معنی میں دینی جمہوری اورموروثیت سے پاک جماعت ہے باقی سب خاندانی جماعتیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی تمام سرگرمیوں کا مرکزومحور رضائے الٰہی کا حصول اور ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے جس کے لئے ہم جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔میاں محمد اسلم نے کہا کہ لوگ مہنگائی، بے روزگاری کا شکار ہیں وہ اپنی مشکلات کا حل چاہتے ہیں اس وقت جماعت اسلامی امید کی واحد کرن ہے اس لیے کارکنان اور ذمہ داران گھرگھرجاکرعوام تک اپنی دعوت پہنچائیں، شہری بلد یاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے اُمیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں، انھوں  پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی کوئی واضح پالیسی نظر نہیں آرہی انتخابی نعروں اور دعوؤں کے برعکس ںمائشی ترقی تو درکنار، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، آج ملک و قوم کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جس کے قول وفعل میں تضاد نہ ہو اور جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پرقوم کو یکجا کرے اور مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر امید کا چراغ روشن کرسکے۔