حنا ربانی کھر کی کابل میں افغان وزیر خارجہ امیر متقی سے ملاقات،پا ک افعان تعلقات کے امورپر تبادلہ خیال

کابل،اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر کی کابل میں افغان وزیر خارجہ امیر متقی سے ملاقات ہوئی ہے،  ملاقات کے موقع پر افغان وزیر معدنیات اور پیٹرولیم شہاب الدین دلاور بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے وفود نے دو طرفہ تجارت اور عوامی رابطوں کے فروغ پر بات چیت کی۔ملاقات میں پاکستان افغانستان کے رمیا ن تعلقات کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور افغانستان نے دو طرفہ تعلقات کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرانے پر اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے کہا کہ حنا ربانی کھر نے افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔افغان حکام نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نے دو طرفہ تعلقات کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرانے پر اتفاق کیا ہے تاکہ تمام مشترکہ مواقع اور مسائل کا مذاکرات کے ذریعے جائزہ لیا جاسکے۔افغان نائب خارجہ امور کے ترجمان حافظ ضیا تکل نے ٹوئٹر پر کہا کہ مسائل سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک نے مثبت اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ امیر خان متقی نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کو عوام اور خطے کے لیے اہم قرار دیا۔امیر خان متقی نے پاکستان میں افغان قیدیوں کی رہائی، سرحد پار نقل و حرکت میں مسافروں کو سہولیات، تجارت اور راہداری میں پیشرفت سے متعلق مسائل اٹھائے۔افغان فریق نے تاپی گیس پائپ لائن، ریلوے لائنز اور دیگر منصوبوں پر پیش رفت کے لیے بھی آمادگی ظاہر کی، انہوں نے سیاسی تعلقات، اقتصادی ترقی اور سلامتی کے بارے میں افغانستان کے موقف کی بھی وضاحت کی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فریق نے افغان مہاجرین کے ساتھ اچھے سلوک، سرحد پار نقل و حرکت میں مسائل کے حل اور ویزوں کے اجرا کا وعدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ پاکستان ٹرانزٹ کو مزید آسان بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے ظہرانے پر خواتین ایوان صنعت سے بھی ملاقا کی ،ملاقات کے دوران انہوں نے معاشرے میں خواتین کے اہم کردار کی اہمیت پر زوردیا  اور پاکستان اور افغانستان کی خواتین  صنعتکاروں کے رابطے کو مضبوط کرنے میں پاکستان کی کافی دلچسپی ظاہر کی،انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان خواتین تاجروں کی جانب سے بنائی گئی ایشاء کی درآمد کو خصوصی ترجیح دے گا،

خیال رہے کہ رواں برس اپریل میں شہباز شریف کا وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد حنا ربانی کھر پہلی خاتون رہنما ہیں جو افغانستان کا دورہ کر رہی ہیں،اس سے قبل کابل ائیرپورٹ پر افغان حکام اور پاکستانی سفارتی حکام نے حنا ربانی کا استقبال کیا۔ پاکستانی وفد میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے افغانستان صادق خان بھی شامل ہیں۔