ملک میں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ نظام ہے، راشد نسیم

 میر پور خاص (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک میں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ نظام ہے، اسلامی انقلاب آئے گا تو تفریق ختم اور ترقی، امن اور خوشحالی کے راستے کھلیں گے۔ جماعت اسلامی اپنے کارکنوں کی تربیت اس انداز سے کرتی ہے کہ وہ ہر شعبہ ہائے زندگی میں بہترین خدمات سرانجام دیں اور اللہ تعالیٰ نے انھیں اقتدارسے نوازا تو ریاست کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جھڈو اور میرپور خاص میں تربیتی سرکلز سے ”اسلامی حکومت اور کیسے؟” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر ضلع سلمان خالد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

راشد نسیم نے کہا کہ موجودہ سیکولر دور میں انسانیت مسائل کی دلدل میں پھنسی ہوئی ہے، مالیاتی استحصال عام، خواتین کی بے حرمتی اور غربت اور بے روزگاری میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔ طاقتور کے لیے عدالت کے دروازے رات کو کھل جاتے ہیں جب کہ غریب کو سالہاسال تاریخ نہیں ملتی۔

انھوں نے کہا کہ عوام پر سات دہائیوں سے مسلط حکمران ملک کی موجودہ صورت حال کے ذمہ دار ہیں۔ جماعت اسلامی سٹیٹس کو سے نجات اور ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، عوام ہمارا ساتھ دے۔