جماعت اسلامی کاکل ملاکنڈ ڈویژن کے حقوق کے حوالے سے گرینڈ جرگہ ہوگا


پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کل ملاکنڈ ڈویژن کے حقوق کے حوالے سے گرینڈ جرگہ منعقد کررہی ہے۔

گرینڈ جرگہ سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق، صوبائی امیر پروفیسر محمد ابرہیم خان، عنایت اللہ خان اور تحریکِ تحفظِ حقوقِ ملاکنڈ ڈویژن میں شامل دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما، بلدیاتی اور کاروباری حلقوں کے نمائندے شرکت اور خطاب کریں گے۔

المرکز الاسلامی پشاور سے جاری بیان کے مطابق حقوقِ ملاکنڈ ڈویژن گرینڈ جرگہ بٹخیلہ کے مقامی شادی ہال میں منعقد ہورہا ہے جس کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

گرینڈ جرگہ میں شمولیت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، کاروباری حلقوں اور بلدیاتی نمائندوں کو دعوت دی گئی ہے۔ بیان کے مطابق گرینڈ جرگہ میں ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس سسٹم کے نفاذ سمیت دیگر مسائل پر گفتگو ہوگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔