مولانا عبد المالک کا مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر اظہار تعزیت


لاہور(صباح نیوز)رابطہ المدارس پاکستان کے صدر شیخ القرآن و الحدیث،مولانا عبد المالک نے مفتی محمد رفیع عثمانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے وصال سے دینی مدارس میں صف ماتم بچھ گئی ہے، پورا ملک سوگوار ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ جلیل القدر اور عظیم المرتبہ عالم دین تھے۔

انہوں نے اپنے والدگرامی مفتی اعظم پاکستان مولانا محمد شفیع کی یاد تازہ رکھی اور تعلیم و تدریس اور فتاوی کے میدان میں بھی انھوں نے امت مسلمہ کی بڑی راہنمائی کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے چھوٹے بھائی مفتی محمد تقی عثمانی کو اللہ تعالی نے کئی صلاحیتوں سے نوازا ہے وہ جدید و قدیم کا حسن امتزاج ہیں اور اسلامی بینکاری میں بڑی مہارت رکھتے ہیں۔

انہوں نے پوری دنیا میں مسلمانوں کی راہنمائی کی ہے اللہ تعالی انہیں مزید توفیقات سے نوازے۔