ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اہم ضلع ہے جہاں جماعت اسلامی نے ماضی میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ آج بھی لوگ جماعت کے فلاحی کاموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آنے والے انتخابات میں صوبائی دارالحکومت میں کامیابی کے لیے نوجوانوں کومتحرک کرنا ہوگا۔ 30اکتوبر کے یوتھ کنونشن نے نوجوانوں میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات حکمرانوں کی عاقبت نا اندیش پالیسیوں کی بدولت مخدوش ہیں۔ عوام مہنگائی کی چکی میں پستے چلے جارہے ہیں ۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جہاں سے لوگوں کو ریلیف ملتا نظر آتا ہو۔ رہی سہی کسر سیاستدانوں کی آپس کی چپقلش نے پوری کردی ہے۔ عوام بد حال ہیں ۔ اداروں کے خلاف نفرت انگیز رویہ سلامتی کے لیے خطرناک ہوگا۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم ،نائب امیر جماعت اسلامی لیا قت بلوچ، ڈاکٹرفرید احمد پراچہ،نو منتخب امیر ضلع لاہور ضیا الدین انصاری ،نصر اللہ گورائیہ،وقاص بٹ،زبیر گوندل ،قیصر شریف ،و دیگر بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری ، سیکرٹری جنرل نصر اللہ گورائیہ ، نائب امراء سردار ظفر حسین خان ، وقاص بٹ، نائب قیم ڈاکٹر حافظ ساجد اقبال، صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق نے مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عہد ساز شخصیت تھے ، ان کے انتقال پر پوری قوم سوگوار ہے۔ عالم اسلام ایک جید عالم دین سے محروم ہوگیا ہے۔ یہ کمی کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔ دین اسلام کی سربلندی کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے اور اس کے لیے انہوں نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان کی قبر کو اپنے نور سے منور کرے اور جنت الفردوس میںاعلیٰ مقام عطا فرمائے (آمین)