پاکستان سیالکوٹ واقعے کی تحقیقات کے لئے ضروری کارروائی کرے،سری لنکا


کولمبو(صباح نیوز) سری لنکا نے سیالکو ٹ کے افسوسناک واقعے پر امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی حکام اس واقعے کی تحقیقات کے لئے ضروری کارروائی کریں گے اور انصاف کو یقینی بنائیں گے۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان سوگیشوارہ گونارہ ٹنا نے کہاکہ وزارت خارجہ کو سیالکو ٹ پاکستان میں ایک سری لنکا کے شہری پر مبینہ تشدد اور اس کی لاش کو جلانے کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں سری لنکن ہائی کمیشن پاکستانی عہدیداروں سے واقعے کی تفصیلات کی تصدیق کے لئے رابطے میں ہے اور اس سلسلے میں کارروائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کی صبح سیالکوٹ کے علاقے وزیرآباد میں قائم فیکٹری کے غیرملکی منیجر پرانتھا کمارکو ملازمین نے وحشیانہ تشدد کر کے قتل کیا اور لاش کو کھینچ کر چوک تک لائے، جس کے بعد جنونی ہجوم میں شامل مشتعل افراد نے لاش کو نذر آتش کردیا۔فیکٹری انتظامیہ کے مطابق پرانتھاکمارا کا تعلق سری لنکا سے تھا جبکہ وہ گزشتہ 9سال سے لیدر فیکٹری میں بطور جنرل مینیجر اپنے امور انجام دے رہے تھے