سوئی سدرن کی جانب سے صنعتوں کے لیے تین ماہ کے لیے گیس کی سپلائی بند کرنے کا اعلان تشویشناک ہے، جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمدنے کہا ہے کہ عوام کی زندگی مصائب کا مسکن بن چکی ہے۔ سوئی سدرن کی جانب سے صنعتوں کے لیے تین ماہ کے لیے گیس کی سپلائی بند کرنے کا اعلان تشویشناک ہے۔ اس سے صنعتیں مستقل بند اور کروڑوں لوگ بے روزگار ہوجائیں گے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کہ حکمرانوں نے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرنے کی قسم کھارکھی ہے ۔ حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں اور ڈنگ ٹپائو اقدامات کے باعث ادارے زبوں حالی کا شکار ہیں۔ کرپشن اور خرد برد کی داستانیں زبان زد عام ہیں۔ احتساب کا سارے کا سارا نظام ہی سیاسی انتقامی کارروائی تک محدود رہ گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل بلا تفریق ہونا چاہیے ۔ چاہے کوئی بھی شخص ہو، اگر اس کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس چل رہا ہے تو اس کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے۔اداروں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا بد ترین فعل ہے ۔ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی باتیں کرنے والوں کو چاہئے کہ اپنی پارٹیوں کے اندر بھی جمہوریت کوقائم کریں۔ان پارٹیوں میں کلیدی عہدوں پر موروثیت ہی نظر آتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک میں انتقامی سیاست کی جارہی ہے۔ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی ، جب تک وہ آئین و قانون کی تابعداری نہیں کرتی۔ غریب کے لیے اور قانون اور امیر کے لیے اور قانون کا تاثر ختم ہونا چاہیے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ ملک کے حالات کو ذاتی مفاد کی خاطر بند گلی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ جمہوری اقدار کی مضبوطی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں ہی موجودہ حالات کی ذمہ دار ہیں اور آئندہ بھی ان سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی ۔