ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ قیصر شریف


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ ملکی قرضہ ساڑھے 62ہزار ارب تک پہنچ گیا،  آئے روز ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ سودی معاشی نظام تباہی کی اصل وجہ ہے، قومی معیشت کو اسلامی ماڈل پر استوار کرنا ہو گا۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کے سودی معیشت کے خاتمے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے تاہم ان کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ دعوؤں اوروعدوں کی بجائے حکمران سودی معیشت کے خاتمے کا مکمل روڈ میپ دیں۔ اسی سلسلے میں امیر جماعت جمعہ کو اسلام آبادمیں نائب امرا ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، میاں محمد اسلم اور دیگر قائدین کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریںگے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ماہ کے اختتام پر کراچی میں ہونے والی علما کانفرنس میں بھی اپنا موقف اور لائحہ عمل پیش کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ اسلامی معاشی ماڈل نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں غربت، بے روزگاری اور بھوک کے خاتمے کے لیے وقت کی ضرورت ہے۔ موجودہ معاشی نظام درحقیقت استعماری ایجنڈا اور انسانوں کو غلام بنانے کا ذریعہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ سرمایہ دارانہ سودی معاشی ماڈل سے دو فیصد سے کم طبقہ فیض یاب ہو رہا ہے جب کہ کروڑوں افراد غربت اور افلاس میں زندگی گزارنے پرمجبور ہیں۔ ایک طرف دولت اور وسائل کے انبار ہیں جب کہ دوسری طرف صرف پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے غربت کی وجہ سے سکول تک نہیں جا سکتے۔ ملک میں کروڑوں افراد پینے کے صاف پانی تک کی سہولیات سے محروم ہیں، جنھیں بیمار ہونے پر علاج تک کی بروقت سہولت دستیاب نہیں ہوتی۔ انھوں نے کہا کہ اس معاشرتی اور سماجی تقسیم کو ختم کرنے اور خوشحالی اور امن کے قیام کا واحد حل اسلامی نظام ہے۔